پاکستان کو عظیم بنانے کی جانب ایک قدم

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار 2020 کے مطابق، پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں سب سے بڑا ملک ہے (کل آبادی، 220،892،340 افراد)۔ اس کے علاوہ ورلڈ بینک کے اعداد و شمار 2019 کے مطابق، کام کرنے کی عمر (یعنی 15–64 سال) والے افراد کی آبادی پاکستان میں 60.6 فیصد سے زیادہ ہے جبکہ پاکستان کی 35.1 فیصد آبادی 15 سال سے کم عمر ہے پاکستان سب سے زیادہ آبادی والے ممالک میں ایک ایسی کم عمر قوم ہے جس کی اوسط عمر 22.8 سال ہے۔ یہ نوجوان پاکستان کا ایک بہت بڑا اثاثہ بن سکتے ہیں اگر ہم ان کو تعلیم دے سکیں اور انھیں اپنی توانائیاں مثبت انداز میں استعمال کرنے کے لئے ایک امید اور درست سمت فراہم کر سکیں۔

پاکستان کو اس وقت جہاں بہت سارے چيلنجز کا سامنا ہے وہاں سب سے بڑا چيلنج اپنے نوجوانوں کی تعلیم وتربيت اور صحیح سمت ميں رہنمائی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارا فرسودہ نظام تعليم، قديم تعليمی نصاب، دن بدن سکڑتے ہوۓ تعلیمی ادارے، اور غير تربيت يافتہ اساتذۂ کرام اس حقیقت کا ادراک کرنے سے قاصرہيں کہ ہمارے بچوں کو نمبروں سے زیادہ حقیقی تعلیم و تربیت اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ آج کے دور میں يہ کردار کسی حد تک ملک کا میڈیا بخوبی نبھا سکتا ہے لیکن ہمارا میڈیا بدستور منفی کردار ادا کر رہا ہے اور قوم ميں مایوسی اور بےيقينی پھیلا رہا ہے، اس ضمن میں صبح سے شام تک منفی خبروں کا بار بار واویلا کرنا نہ صرف قوم کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ متاثر کر رہا ہے۔ ایسے میں کچھ لوگ ذاتی اور انفرادی حیثیت سے اپنے تئیں پاکستان کا مثبت پہلو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں مصروف ہیں جن کی جتنی تعریف اور حوصلہ افزائی کی جائے کم ہے۔

ایم پی کے جی ماہرین تعلیم اور اسکالرز کے ایک ایسے ہی گروپ کی نمائندگی کرتا ہے جو پاکستان میں ریاستی امور کی بہتری میں مثبت کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔ ایم پی کے جی گروپ کا خیال ہے کہ صرف موثر تعلیم اور روشن خیالی ہی پاکستان کو عظیم تر بنا سکتی ہے۔ ہم اپنے حصے کی شمع جلانے کے لئے میدان میں اترے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہمارے مضامین لوگوں خاص طور پہ نوجوانوں کے دل میں امید کی ایک کرن جگائیں گے اور ان کی صحیح سمت میں رہنمائی کریں گے تا کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنے ملک اور قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں، اس کے ساتھ ساتھ ہماری ٹیم مختلف مسائل کے قابلِ عمل حل کے لئے پیش کرے گی جو حکمران طبقے اور ارباب اختیار کے لئے مشعل راہ ہوں گے۔

اس اقدام کا مقصد عوام میں پاکستان سے محبت اور معاشرتی پہلوؤں کا شعور اجاگر کرنا اور دنیا کو پاکستان کا مثبت چہرہ روشناس کرانا ہے، یہاں ہم نہ صرف پاکستان سے متعلق مثبت خبروں کا جائزہ اور تبصرہ پیش کریں گے بلکہ ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے جانے والے منصوبوں سے بھی عوام کو آگاہ کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ ہم پاکستان کے مختلف معاشی، معاشرتی، اور سماجی مسائل کے حل کے لئے ٹھوس تجاویز اور حکمتِ عملی بھی پیش کریں گے۔ البتہ اس سارے عمل میں ہماری ٹیم ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی اور قوم کی بہتری کے لئے اقدامات تجویز کرے گی، اس لئے ہم اپنے قارئین کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ اس پلیٹ فارم سے کسی قسم کے منفی رویے یا مذہبی، سیاسی، لسانی، اور ذاتی تعصب کی ترویج نہیں کی جائے گی۔ اگر آپ کو ہمارے لکھاریوں کی تحاریر پسند آئیں تو آپ ان کو اپنے احباب کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں اور اگر آپ کو کوئی بات گراں گزرے تو اپنے تحفظات سے بھی ہمیں آگاہ کر سکتے ہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے مقصد میں کامیاب کرے اور وطنِ عزیز کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے، آمین

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out /  Change )

Google photo

You are commenting using your Google account. Log Out /  Change )

Twitter picture

You are commenting using your Twitter account. Log Out /  Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out /  Change )

Connecting to %s